میونخ (آوازٹائمز)نیٹو میں امریکا کے مستقل مندوب میتھیو وائٹیکر نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی ایسے غیر متوازن اتحاد کا رکن نہیں رہ سکتا جہاں زیادہ تر اخراجات کا بوجھ اسے ہی اٹھانا پڑے۔ تاس کے مطابق میتھیو وائٹیکر نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا غیر مساوی اتحاد نہیں رکھ سکتے جہاں امریکا تمام بوجھ برداشت کرے۔انہوں نے کہا کہ امریکا یورپ کے اندر بھی ایسا غیر مساوی اتحاد نہیں چاہتا جہاں بعض یورپی ممالک دیگر کے مقابلے میں کہیں زیادہ ذمہ داریاں اٹھائیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ سب ممالک ذمہ داریوں میں توازن پیدا کریں اور مل کر مضبوط ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی دبا کے تحت یورپی اتحادیوں کی جانب سے کیے گئے اضافی دفاعی اخراجات نے اتحاد کو مزید مضبوط بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیٹو اس وقت یقینی طور پر گزشتہ پانچ سال کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے اور غالبا سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے اب تک کی سب سے مضبوط پوزیشن میں ہے






