کولمبو(آوازٹائمز)قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوتا ہے،یہ مقابلہ صرف دونوں ممالک تک محدود نہیں رہتا بلکہ پوری دنیا کی نظریں اس میچ پر جمی ہوتی ہیں جس کے باعث اس کی شدت اور دبا عام میچز سے کہیں زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ بات انہوں نے روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلے سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں کہی۔بابر اعظم نے کہا کہ ایسے بڑے مقابلوں میں کھلاڑیوں سے توقعات بھی بہت زیادہ وابستہ ہوتی ہیں اور شائقین کی نظریں ہر کھلاڑی کی کارکردگی پر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی کئی ہائی پروفائل پاک بھارت میچز کا حصہ رہ چکے ہیں اور ان مقابلوں نے انہیں بہت کچھ سکھایا،اس طرح کے دبا والے میچ میں سب سے اہم بات ذہنی سکون اور خود پر قابو رکھنا ہے،جتنا کوئی کھلاڑی خود کو ٹھنڈا اور پرسکون رکھے گا اتنا ہی بہتر کھیل پیش کر سکے گا۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ باہر کی آوازوں، تنقید یا غیر ضروری دبا پر توجہ دینے کے بجائے اگر کھلاڑی اپنی توجہ صرف میدان اور کارکردگی پر مرکوز رکھیں تو کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ کا جوش و خروش اپنی جگہ لیکن ضروری ہے کہ کھلاڑی خود کو ٹینشن فری رکھیں،جذبات پر قابو پانا اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور مثبت انداز میں کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی






