کوئٹہ(آوازٹائمز)جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی اور حاجی حیات اللہ کاکڑ نے رمضان المبارک کی آمد پر تمام اہل اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا نجات کا ہے، اور یہ خوش نصیب ہے وہ مسلمان جسے اللہ تعالی نے اس بابرکت مہینے سے نوازا۔رہنماں نے کہا کہ رمضان المبارک میں یتیموں، غربا اور مساکین کا خصوصی خیال رکھا جائے اور صدقات و خیرات کے ذریعے ان کی مشکلات کم کی جائیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے غریب عوام کے لیے فوری ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے کیونکہ بے روزگاری اور غربت کے باعث کئی گھروں میں چولہے نہیں جل رہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان آتے ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں اور ذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں نے ضروریات زندگی عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دی ہیں۔ آٹا، چینی اور گھی کے مصنوعی بحران نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے بوجھ تلے دبے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے اور اشرافیہ کی بجائے غریب طبقے کو سہولت فراہم کی جائے۔رہنماں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے گریز کریں اور رمضان المبارک میں غریبوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ نمازوں میں بیت المقدس کی آزادی، فلسطینی مسلمانوں اور غزہ کے متاثرین کے لیے دعا کریں اور مالی امداد کریں






