کوئٹہ(آوازٹائمز)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مادری زبانوں کے عالمی دن 21فروری کی مناسبت سے پریس کلب کوئٹہ میں دوپہر 2بجے سیمینارکا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ ملک وبیرون ملک، پشتونخواوطن، جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں اجتماعات، سیمینار و تقاریب کا انعقادکیا جائے گا۔ جس سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین، ادیب، شعرا، اساتذہ، پروفیسرز، ڈاکٹرز، وکلا،فنکار،اداکار، انجمن تاجران، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خطاب کرینگے۔ بیان میں تمام صوبوں اور اضلاع میں پارٹی تنظیموں کو اس دن کو پروقار طریقے سے منانے کی ہدایت کیجاتی ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے 21فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن منانے کے اعلان کو دراصل عالم انسانیت اور قوموں کے مادری زبانوں کی طویل تاریخ کے عظیم الشان ورثے کی حفاظت، فروغ، ترقی کے انتہائی اہمیت اور مثبت تاریخی اقدام پر انہیں داد تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی ہر سال مادری زبانوں بالخصوص پشتو زبان کی ترقی وترویج کیلئے خاص طور پر اس دن کو مناتی چلی آرہی ہیں اور اس سال ماہ رمضان کے احترام میں اس دن سادگی سے منایا جائیگا۔بیان میں کہا گیا ہے 21فروری مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنی مادری زبان،قومی تاریخ،قومی ثقافت، تہذیب وتمدن کے مثبت فروغ وترقی کیلئے تمام باشعور، جمہوریت پسند عوام مادری زبانوں کی اہمیت وافادیت سے متعلق منعقدہ پارٹی پروگراموں،سیمینارز، اجتماعات، ریلیوں میں شرکت کرکے اپنی قومی زبان،ثقافت اور تاریخ سے یکجہتی کا اظہار کریں






