لاہور(آوازٹائمز)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کااجلاس منعاقد ہوا جس میں کمپنی سے اتھارٹی ماڈل کو منتقلی سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اتھارٹی کے ارکان اور بذریعہ ویڈیو لنک تمام ڈویژنل کمشنرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ ستھرا پنجاب ایکٹ کی منظوری کے بعد صوبے کے 41 اضلاع میں ستھرا پنجاب ایجنسیز قائم کی جا رہی ہیں، انتظامی کنٹرول ڈویژن سے ضلعی سطح پر منتقل کرنے کے اچھے نتائج ملیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے معاملات موثر انداز میں چلانے کیلئے صوبائی حکومت تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اثاثوں کی ڈسٹرکٹ ایجنسیز کو منتقلی کیلئے کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کمشنرز اپنی زیرنگرانی اتھارٹی کو سٹاف اور اثاثوں کی منتقلی یقینی بنائیں۔ بورڈ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کا اپنا بینک اکاؤنٹ کھولنے کی منظوری دے دی جبکہ نئے نظام کے لئے درکار پوسٹس کی تجویز کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اتھارٹی کا قیام ستھرا پنجاب پروگرام کے استحکام کا باعث بنے گا، ٹرانزیشن کا عمل خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کر لیا جائے گا






