بشکیک(ڈیلی آوازٹائمز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دور کرغزستان کے دوران پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مشترکہ اعلامیے سمیت 17 اہم دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کیے گئے ہیں، جن سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کرغزستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد اہم معاہدے اور مفاہمتی دستاویزات طے پائیں۔ان معاہدوں میں ٹرانزٹ ٹریڈ، ملزمان کی حوالگی اور باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہے، جبکہ انسدادِ منشیات، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان 4 اہم دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کیے۔ ان میں دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام، ملزمان کی حوالگی کے معاہدے، باہمی قانونی معاونت اور تعلیمی و تحقیقی تبادلوں سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔نائب وزیراعظم کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں عملی روابط کو فروغ دینا ہے۔پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت کا حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ نئی دوطرفہ دستاویزات باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گی، جبکہ معاہدوں سے دونوں برادر ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون دونوں ممالک کے عوام کے لیے اقتصادی، تعلیمی اور دیگر شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنے گا.






