اسلام آباد کے جی ٹین میں اتوار بازار اور خواتین بازار مستقل بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( ڈیلی آوازٹائمز)وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ٹین میں قائم ہفتہ وار اتوار بازار اور خواتین بازار مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے دونوں بازاروں کی بندش کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جی ٹین میں گیارہویں ایونیو کی تعمیر کے پیش نظر رائٹ آف وے پر قائم اتوار بازار اور خواتین بازار بند کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں میں قائم عارضی ڈھانچے بھی ہٹا دیے جائیں تاکہ تعمیراتی منصوبے کے لیے جگہ خالی کرائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق گیارہویں ایونیو کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری سی ڈی اے کے ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں دی گئی تھی۔ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے جی ٹین رائٹ آف وے پر قائم عارضی بازاروں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بازاروں کی بندش فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، جبکہ وہاں موجود عارضی تعمیرات اور ڈھانچے ہٹانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔اس فیصلے کے نتیجے میں جی ٹین میں اتوار بازار اور خواتین بازار میں خریداری کرنے والے شہریوں کو اب متبادل مقامات کا رخ کرنا ہوگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں