پشاور(روزنامہ آواز ٹائمز)مسلم لیگ (ق)نے خیبرپختونخوا سے سب سے بڑی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کی بڑی وکٹ گرا دی۔مسلم لیگ (ن)کے خیبرپختونخوا کے سینئر نائب صدر انتخاب خان چمکنی مسلم لیگ (ق)میں شامل ہو گئے، فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے صدر کرنل ریاض خان چمکنی اور نائب صدر خیبرپختونخوا نور اللہ شازلی اور پشاور ڈویژن کے صدر کامران اعوان نے بھی مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی۔شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی شخصیات نے صدر مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور سیکرٹری جنرل پنجاب چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق)چودھری محمد سرور نے انتخاب خان چمکنی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، انتخاب خاں جمکنی کو مسلم لیگ خیبرپختونخوا کا صدر تعینات کر دیا گیا، انتخاب خان چمکنی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔






