انسانی اسمگلروں کیخلاف کارروائیاں جاری مزید 3 گرفتار

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کیخلاف جاری کارروائیوں میں مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے منڈی بہاالدین اور ملکوال میں مزید 3 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے موبائل فونز سے سرحد پار کرانے کی ویڈیوز بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ گرفتارملزمان ارشد اللہ، مبشر نظیر اور عمر حیات نے سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے کیلئے بھاری رقم وصول کی، ملزمان شہریوں کو جال میں پھنسانے کیلئے بارڈر پار کرانے کی ویڈیوز بھی دکھاتے تھے۔ادھر یورپ جانے کا خواب لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیبیا کی جیل میں قید ہونے کا انکشاف ہوگیا، بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں یورپ جانے کی کوشش کرنے والے بہت سے پاکستانی اس وقت لیبیا کی مختلف جیلوں میں قید ہیں لیکن حکومت کی طرف سے ان پاکستانیوں کی رہائی کیلئے تاحال کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کیے گئے، پاکستانی قیدیوں کی جانب سے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کردی گئی، اس حوالے سے قیدیوں نے کہا ہے کہ ہمارے کئی ساتھی بیمار ہیں، کھانا بھی نہیں دیا جاتا، حکومت ہماری رہائی کے لیے مثر اقدامات کرے۔خیال رہے کہ یورپ جاتے ہوئے کشتی کے حادثے میں سینکڑوں پاکستانی لقمہ اجل بن گئے تھے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ یونان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونان کے ساحل میں ڈوبنے والی کشتی میں 700 کے قریب افراد سوار تھے،کشتی میں 400 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی، کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 350 ہے، حادثے میں 12 پاکستانیوں کو بچایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 82 لاشیں نکالی گئیں،281 خاندانوں نے حکومت سے رابطہ کیا،متاثرہ خاندانوں کی معاونت کیلئے ڈیسک قائم کیے گئے، ڈی این اے کے 193 سیمپلر حاصل کیے گئے، وزیراعظم نے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی، گھنانے جرم میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انسانی اسمگنگ سے متعلق گزشتہ 5 سال کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے، انسانی اسمگلرز کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، انسانی اسمگلنگ کے قانون میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں