محرم الحرام کا چاند آج 18 جولائی 29 ذی الحج کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)محرم الحرام کے چاند کی پیدائش ہوگئی، ماہرین فلکیات کے مطابق نئے ہجری سال کے چاند کی پیدائش پیر کی رات کو ہونا تھی۔تفصیلات کے مطابق 1444 ہجری اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو گیا ہے۔ماہرین فلکیات کے مطابق ہجری 1445 کے چاند کی پیدائش ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی پیدائش 17 جولائی کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہوئی، جبکہ محرم کا چاند آج 18 جولائی 29 ذی الحج کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔18 جولائی کو چاند نظر آنے کی صورت میں یومِ عاشورہ 28 جولائی بروزجمعہ کو متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 18 جولائی کو غروب آفتاب شام 7 بج کر24 منٹ پر ہونے کا امکان ہے جبکہ چاند رات 8 بجے طلوع ہو سکتا ہے۔غروب آفتاب کے وقت کراچی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 17 منٹ ہوگی، محرم الحرام کا چاند دیکھنے کی مدت غروب آفتاب کے بعد 46 منٹ تک ہے جب کہ چاند نظر آنے کے لیے 19 گھنٹے کی عمر ضروری ہے۔دوسری جانب محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیئرمین مولانا سیدمحمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منگل 18 جولائی کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اورزونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرزاسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاورمیں منعقد کیے جائیں گے جس میں ماہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں