یوکرین کے شہرچرنیہیف پر روس کے میزائل حملے میں سات افراد ہلاک،129 زخمی

کیف(روزنامہ آواز ٹائمز)یوکرین کے شمال میں واقع تاریخی شہر چرنیہیف کے مرکزی چوک پر روس کے میزائل حملے میں ایک کم سن بچے سمیت سات افراد ہلاک اور129 زخمی ہو گئے ہیں۔یوکرین کی وزارتِ داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ لوگ مذہبی تعطیل منانے کے لیے گرجا گھر جا رہے تھے جب میزائل حملہ کیا گیا، زخمیوں میں متعدد بچّے بھی شامل ہیں۔سویڈن کے سرکاری دورے کے موقع پرصدر ولودی میر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا کہ ایک روسی میزائل ہمارے چرنیہیف شہر کے عین وسط میں گراہے۔ ایک چوک، پولی ٹیکنک یونیورسٹی اور ایک تھیٹر پر گراہے۔انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ہفتے کو عام تعطیل کا دن روس نے دردآمیز اور نقصان زدہ بنا دیا ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ڈراما تھیٹر کی چھت تباہ ہوگئی۔زیلنسکی کی پوسٹ کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملبہ علاقائی ڈراما تھیٹر کے سامنے ایک چوک پر بکھرا پڑا ہے، جہاں کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ویڈیو میں ایک لاش کو کار کے اندر لٹکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ روس نے فروری 2022 میں شروع کیے گئے اپنے مکمل حملے کے حصے کے طور پر جنگی محاذوں سے دور واقع یوکرین کے شہروں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے ہیں۔چرنیہیف دارالحکومت کیف سے قریباً 145 کلومیٹر (90 میل) شمال میں واقع ہے۔ یہ پتوں والے بلیوارڈز اور صدیوں پرانے گرجا گھروں کا شہر ہے۔کیف کی فضائیہ نے ہفتے کی صبح کہا تھا کہ یوکرینی فوج نے ماسکو کی جانب سے داغے گئے 17 ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز میں سے 15 کو مار گرایا ہے۔دریں اثنا روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے بیلگورود کے علاقے میں یوکرین کے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے اور ماسکو کے قریب ایک اور ڈرون کو جام کر دیا ہے۔ تیسرے حملے میں نوفگورود کے علاقے میں ایک فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس سے ایک جنگی طیارے کونقصان پہنچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں