اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس سلنڈر دھماکے سے دولہا، دلہن سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد(آوازٹائمز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون 2 میں گیس سلنڈر دھماکے سے دولہا، دلہن سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ امدادی ٹیموں نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ آئی سی ٹی پولیس کے ترجمان نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ دھماکا گھر کے اندر ہوا جہاں شادی کی تقریبات جاری تھیں۔ دھماکے کی وجہ سے چھت گر گئی اور کم از کم چار قریبی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ملبے تلے دبے تمام افراد کو وسیع تلاش اور ریسکیو آپریشن کے بعد نکال لیا گیا۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں اسلم مسیح کی اہلیہ جوراں بی بی،شکیل ولد نامعلوم،شیری حنیف ولد حنیف مسیح (دولہا)،مہک (دلہن)،نعیم ولد یعقوب مسیح اور وسیم ولد یعقوب مسیح کی شناخت کی گئی ہے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ اس المناک واقعے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت ایک ہی خاندان کے متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔زخمیوں کو پمز، پولی کلینک اور برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں کاشف ولد جاوید، سلمی،مختاراں بی بی، عامر،فرزانہ نعیم(نعیم کی اہلیہ)،سنیل کی بیٹی(چلڈرن وارڈ میں داخل)،وسیم کی بیٹی مریم،وسیم کی بیوی ربطا،آریان ولد وسیم،اعجاز مسیح ولد سعید اور 7 سالہ بچی عینا کو برن سینٹر میں داخل کرایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ناموں کی تصدیق مکمل طبی دستاویزات کے بعد کی جائے گی۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ قبل ازیں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ سینئر پولیس افسران، ریسکیو 1122، سی ڈی اے فائر بریگیڈ، K-9 یونٹس اور بم ڈسپوزل اسکواڈز نے ملبہ ہٹانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا۔تلاش کے دوران تھرمل امیجنگ اور خصوصی آلات استعمال کیے گئے۔ دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں،ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ گیس کے اخراج سے یہ جان لیوا دھماکہ ہوا۔ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اصل وجہ اور اگنیشن سورس کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم سرما کے دوران گیس سیفٹی پروٹوکول پر عمل کریں اور فوری طور پر خطرات یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع Pucar-15 کو دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں