شیرانی /کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز)بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ڈپٹی کمشنر شیرانی بلال شبیر نے بتایا کہ اتور کی رات 12 بج کر 5 منٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں پولیس اسٹیشن اور ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دہشت گردوں کو ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے کر جانے میں کامیاب ہوگئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دانہ سر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کردی ہے۔بلال شبیر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ڑوب منتقل کردی گئیں جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد کی لاش کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا گیا۔






