کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چلتن ٹان کے پارٹی امیدواران، یونٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، ضلعی کونسلران اور سینئر رہنماں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی لیبر سیکریٹری موسی بلوچ اور اعزازی مہمان احمد نواز بلوچ تھے۔اجلاس میں انجنیئر یاسر بنگلزی نے چلتن ٹان کے وارڈز کے حوالے سے بریفنگ دی اور بلدیاتی الیکشن کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی نے فیصلہ کیا کہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عوام کی تائید و حمایت سے بھرپور حصہ لے گی۔ اجلاس میں 8 فروری 2024 کے الیکشن میں فارم 47 کے ذریعے ہائی جیک کرنے اور اسمبلیوں میں پیراشوٹرز اتارنے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے جمہوریت پر شب خون مارنے سے تعبیر کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ شہر گزشتہ دو سال سے مکمل پسماندگی اور بربادی کا شکار ہے، گیس، بجلی، پانی، تعلیم، صحت اور صفائی کے فقدان کے ساتھ سیکیورٹی کے نام پر چیک پوسٹوں اور انٹرنیٹ کی بندش عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاسی شعور کا ثبوت دیتے ہوئے بی این پی کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر شہر کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں






