جڑانوالہ میں توہین مذہب واقعے پر فنکاروں کی مذمت

کراچی (روزنامہ آواز ٹائمز) فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں پیش آنے والے توہین مذہب کے افسوس ناک واقعے پر شوبز فنکاروں نے شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ سجل علی نے لکھا کہ کسی بھی مذہب میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کے اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہوں اور ملک میں اتحاد اور امن کے لیے دعاگو ہوں۔ اداکارہ ازیکا ڈینیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس افسوس ناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے! میں مسیحی برادری کے خلاف اس ظلم کی شدید مذمت کرتی ہوں اور انصاف کا مطالبہ کرتی ہوں۔ گلوکار شہزاد رائے نے لکھا کہ پہلے بولنے سے ڈرتے تھے، اب نہ بولیں تو ڈر لگتا ہے۔ سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو بدنام کرتے ہیں، انہیں جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شرم آنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں