حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ایف آئی اے کا ملک گیر کریک ڈاؤن

اسلام آباد(آوازٹائمز)حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کا ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر رواں سال بھر میں غیر قانونی کرنسی کاروبار کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سال 2025 کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف مجموعی طور پر 523 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 546 مقدمات درج کر کے 667 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 174 انکوائریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ برآمد ہونے والی کرنسی میں 7 لاکھ 77 ہزار 868 امریکی ڈالر، 32 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 1 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی شامل ہے۔زون وار تفصیلات کے مطابق پشاور زون سے 199، کوہاٹ زون سے 63، لاہور زون سے 58، فیصل آباد زون سے 15، ملتان زون سے 70، اسلام آباد زون سے 22، کراچی زون سے 101، حیدرآباد زون سے 14 جبکہ بلوچستان زون سے 120 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد پلازوں، مارکیٹوں اور دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی، جبکہ غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں