سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی ملی، بھارت کو جنگی و سفارتی محاذ پر شکست ہوئی، خواجہ آصف

اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور عالمی کمیشن نے پاکستان کے مؤقف کو واضح اور دوٹوک طور پر درست قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ، دو سال کے دوران بھارت کے مقدر میں جنگی اور سفارتی محاذ پر شکست ہی شکست لکھی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر پاکستان کو بڑی فتح نصیب ہوئی ہے، اس پر وہ کیا کہیں گے؟خواجہ آصف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر منوانا ایک بڑی کامیابی ہے۔ عالمی کمیشن نے پاکستان کے مؤقف کو دوٹوک اور واضح طور پر درست قرار دیا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی کمیشن نے صاف لکھا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ دونوں فریقین کی رضامندی کے بغیر نہ تبدیل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی معطل کیا جا سکتا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ، دو سال کے دوران بھارت کو جنگی اور سفارتی محاذ پر مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پانی کے مسئلے سمیت مختلف محاذوں پر اپنا مؤقف کامیابی سے دنیا کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بھی پانی کے مسئلے کو واضح طور پر اٹھایا اور پاکستان کی پالیسی بیان کردی۔وزیر دفاع نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا معاملہ ہو یا جنگ کا، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق عالمی ماہرین سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کر رہے تھے اور انہیں بخوبی معلوم تھا کہ معاہدے کی خلاف ورزی بھارت کی جانب سے کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی تائید اس بات کا ثبوت ہے کہ پانی کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف اصولی اور معاہدے کی روح کے مطابق ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں