قائداعظم کا یومِ پیدائش تجدیدِ عہد اور قومی ذمہ داری کا دن ہے: چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(آوازٹائمز)بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایوانِ صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب کی میزبانی کی۔اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولادت کا دن قوم کے لیے محض یاد کا موقع نہیں بلکہ تجدیدِ عہد، فکری رہنمائی اور قومی تشخص کے استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے تاریخ اور جغرافیے کو نئی شناخت دی اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن دلایا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معروف مؤرخ اسٹینلے وولپرٹ کے مطابق قائداعظم نے تاریخ کو بدلا اور ایک نئی قوم کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کی قانونی بصیرت، دیانت، اور قانون کی بالادستی پر غیر متزلزل یقین نے انہیں بیسویں صدی کے عظیم ترین رہنماؤں میں شامل کیا۔چیئرمین سینیٹ کے مطابق قائداعظم نے اشتعال اور تصادم کے بجائے دلیل، آئینی راستوں اور اخلاقی قوت کو اپنی جدوجہد کا محور بنایا۔ آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت میں ان کی مدبرانہ رہنمائی نے جماعت کو ایک ہمہ گیر عوامی تحریک میں تبدیل کیا، جس کا تاریخی نقط عروج 1940ء کی قراردادِ لاہور اور بالآخر 14 اگست 1947ء کو قیامِ پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔انہوں نے قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کی تاریخی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خطاب میں مساوات، انصاف، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ پر مبنی ریاست کا واضح تصور پیش کیا گیا۔ شدید علالت کے باوجود قائداعظم نے ریاستی اداروں کے قیام، مہاجرین کی آبادکاری اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کے لیے انتھک محنت کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور قانون کی حکمرانی کے اصول آج بھی قومی ترقی اور استحکام کے لیے اتنے ہی اہم ہیں جتنے قیامِ پاکستان کے وقت تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ باوقار، خوشحال اور ہمہ گیر پاکستان کی تعمیر قائداعظم کے افکار کو عملی شکل دینے سے ہی ممکن ہے۔تقریب سالانہ روایت ”قائد اور بچے“ کے تسلسل میں نہایت وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزراء، پارلیمنٹیرینز، سفارتی شخصیات، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں