اسلام آباد(آوازٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے آپریشن کے دوران دو خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں اور اس قومی جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی طرح پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے






