اسلام آباد(آوازٹائمز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزارتِ صنعت و پیداوار میں ملاقات کی اور صوبے میں مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایس ایم ایز)کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔بدھ کو وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز)کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔معاون خصوصی ہارون اختر خان نے وزیراعلی بلوچستان سے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ملک بھر میں ایس ایم ایز اور بالخصوص خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق تمام صوبے مل کر ہی ملک کے مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کو فروغ دے سکتے ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ میں صوبوں کا کردار نہایت اہم ہے اور بلوچستان میں اس کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جہاں محنتی اور باصلاحیت افرادی قوت دستیاب ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کی جائے گی جو زرعی بنیاد پر ایس ایم ایز، لائیوسٹاک، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں پر کام کرے گی۔ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کے عوام اپنے کاروبار کو وسعت دیں اور ملکی و بین الاقوامی منڈی میں مثر انداز میں مقابلہ کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایس ایم ایز کی ترقی سے نہ صرف صوبے بلکہ علاقائی اور قومی معیشت کو بھی تقویت ملے گی جبکہ ملکی ایس ایم ایز میں بلوچستان کا کردار انتہائی اہم ہے اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی






