اسلام آباد(آوازٹائمز)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے جمہوریہ کرغزستان کے سفیر کیلیچ بیک سلطان نے بدھ کے روز ملاقات کی جس میں دوطرفہ ثقافتی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن میں ہوئی جہاں وفاقی وزیر اور سیکرٹری نے کرغز سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کرغزستان کے صدر صادِر نورگوزوئیوچ ژاپاروف اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے حالیہ اجلاس کا حوالہ دیا جس میں دوطرفہ امور بالخصوص عوامی روابط کے فروغ بارے گفتگو کی گئی تھی۔سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزارتِ خارجہ کی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد میں مارچ 2026 کے آخری ہفتے میں کرغز کلچرل ڈیز منعقد کیے جانے کا منصوبہ ہے، ایک سے دو روزہ ان تقریبات میں کرغز دستکاری، کھانوں، روایتی لباس، آرٹ و فوٹوگرافی نمائش، فلم شو، موسیقی اور رقص سمیت دیگر ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی، پاکستانی حکومت مہمان وفد کے لیے مقامی مہمان نوازی کا انتظام کرے گی۔ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نوروز کی تقریبات منعقد کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جن میں کرغزستان سمیت پاکستان سے سفارتی تعلقات رکھنے والے مختلف ممالک کو مدعو کیا جائے گا۔کرغز سفیر نے کہا کہ وہ اپنی حکومت سے رابطہ کر کے رواں ماہ کے اختتام تک شرکت کی تصدیق کریں گے تاکہ انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرغز وفد لاہور جانے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ اسلام آباد میں تقریبات کے بعد وفد لاہور کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔مزید بتایا گیا کہ سمرین زہرا جوائنٹ سیکرٹری (A&IC)، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کو پاکستانی جانب سے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ کرغزستان بھی اپنی جانب سے فوکل پرسن نامزد کرے گا۔ سفیر سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ لاہور میں کرغزستان کے اعزازی قونصل جنرل کے ساتھ رابطہ اجلاس کا اہتمام کریں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا جس سے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا






