اسلام آباد(آوازٹائمز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سی ای پی اے پر تکنیکی مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، دونوں ممالک جلد معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یو اے ای کے سفیر سالم محمد الزعبی سے ملاقات میں کیا۔وزیر تجارت نے کہا کہ تکنیکی ٹیموں کی محنت رنگ لے آئی ہے، سی ای پی اے معاہدہ جلد نافذ العمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یو اے ای جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے(سی ای پی اے)کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہیں،سی ای پی اے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں نئے مواقع کھولے گا۔ جام کمال نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی سی ای پی اے جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات سے کاروباری ماحول بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں تجارت، لاجسٹکس، بندرگاہوں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ای پی اے کے ذریعے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات نئی معاشی جہت اختیار کریں گے،سی ای پی اے معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ کرے گا






