کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی ملاقات میں وزیرِ اعظم کو قبائلی عمائدین کے وفد نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم نے تمام قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور ان کے علاقے کیمسائل سنے۔ نگراں وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے، زرعی و صنعتی شعبے کی ترقی اور روزگار کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرے گی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ نگراں حکومت ملکی معیشت کی ترقی میں بلوچستان کے کردار کو بڑھانے کیلئے انفراسٹرکچر، بجلی، پانی اور درکار تمام وسائل فراہم کرنے کیلئے کوشش کرے گی۔ گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ اور نگراں وزیرِ اعلی علی مردان ڈومکی بھی ملاقات میں شریک تھے






