ڈیرہ بگٹی(آوازٹائمز)ڈیرہ بگٹی کے علاقے دولی میں لیویز فورس سوئی اور ایف سی بلوچستان نے مشترکہ کارروائی کے دوران چھینی گئی ڈاٹسن گاڑی بازیاب کرلی۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر سوئی ٹو کشمور روڈ سے کی گئی۔اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق اور اسسٹنٹ کمشنر سوئی محمد صادق خان نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ہدایات کے مطابق ایف سی بلوچستان 82 ونگ کے کیپٹن حمزہ حسین اور لیویز لائن انچارج غلام نبی بگٹی کی قیادت میں ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو محفوظ حالت میں برآمد کیا۔گاڑی کے مالک نے حکومت بلوچستان خصوصا وزیر اعلی بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی توجہ اور اقدامات کی بدولت سوئی کشمور روڈ پر امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی






