کوئٹہ ، جھنڈے فروخت کرنے والی دکان پر دستی بم حملہ، تین افراد زخمی

کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز)کوئٹہ میں جھنڈے اور بیجز فروخت کرنے والی دکان پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ کوئٹہ کے علاقے موتی رام روڈ پر واقع ایک دکان پر ہوا، دھماکے کی آواز سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں افراتفری مچ گئی، دھماکے کے سبب تین افراد زخمی ہوگئے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور پولیس جائے وقوع پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے شواہد جمع کیے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جارہا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا پرچم اور بیجز فروخت کرنے والی دکان پر ہوا ہے۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ سمیت بعض دیگر علاقوں میں تخریب کاری کے بڑھتے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے ذریعہ خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ چند سالوں سے اگست میں تخریب کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے خطرے سے نمٹنے کے لیے شہر میں سیکیورٹی کے موثر اقدامات ناگزیر ہیں، پولیس اور متعلقہ ادارے اس ضمن میں خاص اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں