کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر کام کی رفتار اور پیشرفت کو تیز کیا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پیکج شہر میں مواصلاتی رابطوں کو مربوط اور مضبوط کرنے اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق ایک اہم منصوبہ ہے جس کی جلد از جلد تکمیل ضروری ہے انہوں نے کوئٹہ ڈیولپمنٹ پیکج کے تحت زیر تعمیر سبزل روڈ،سریاب روڈ،لنک بادینی روڈ، ریڈیو ٹاور اور مغربی بائی پاس کا دورہ کیا ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، پرجیکٹ ڈائیریکٹر کوئٹہ پیکج کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ اور ممبر نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو منصوبوں پر پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ان منصوبوں میں شامل پلوں کی جلد اور بروقت تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی پیشرفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے سڑکوں کی تعمیر میں حائل کیسکو کے ٹاورز کو متبادل جگہ پر لگانے کے لیے کیسکو کے حکام سے بات چیت کی جائے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ان زیر تعمیر منصوبوں کا ہر دس دن بعد خود دورہ کریں گے اور ان منصوبہ پر ہونے والی پیشرفت کا خود معائنہ کریں گے تاکہ ان اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناکر شہریوں کو ریلیف دیا جائے یہ تاثر دور ہوسکے کہ کوئٹہ پیکج رحمت کے بجائے زحمت بن گیا ہے۔






