کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں عید الاضحی قریب آتے ہی مویشی منڈیاں سج گئی ہیں۔ملک کے مختلف شہروں میں منڈیاں تو سج گئیں لیکن ان منڈیوں میں خریداروں کا تناسب بہت کم نظر آتا ہے، کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں منڈیوں میں جانور تو بہت ہیں لیکن خریدار کم ہیں، عید میں بہت تھوڑے دن رہ جانے کے باوجود زیادہ رش نہیں۔منڈی میں خریداروں کے کم ہونے کی وجہ جانورں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں ہیں جس سے خریدار پریشان ہیں جب کہ بیوپاری منڈی میں آنے والے اخراجات اور جانوروں کے مہنگے چارے کا رونا روتے نظر آرہے ہیں۔بین الصوبائی اضلاع کی مویشی منڈی میں بھاگ ناڑی نسل کے بیلوں کی قیمت کم سے کم 4 لاکھ مقرر کی گئی ہے کوئٹہ میں کم سے کم ریٹ 30ہزار سے شروع ہوتی ہے جو 60سے 70ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔






