گوادر (آوازٹائمز)حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ اور ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ گرفتاری دینے کے لیے سنٹسر تھانہ پہنچ گئے، لیکن پولیس نے ان کی گرفتاری سے انکار کر دیا۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے مولانا ہدایت الرحمان کے حق میں نعرے بازی کی۔تفصیلات کے مطابق، گزشتہ ماہ گوادر کے رہائشی خدابخش کے بی نامی شخص کی مدعیت میں سنٹسر پولیس تھانے کے انچارج نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ بلوچستان اسمبلی میں مولانا ہدایت الرحمان کی اس تقریر پر درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے ایف سی فورسز کے حوالے سے بات کی تھی۔مولانا ہدایت الرحمان اپنے متعدد کارکنان کے ہمراہ گرفتاری دینے سنٹسر تھانہ پہنچے، تاہم ایس ایچ او کی غیر موجودگی اور ڈی ایس پی کے گرفتاری سے انکار کے باعث معاملہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ کارکنان نے مولانا ہدایت الرحمان کے حق میں نعرے لگائے اور واقعہ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا گیا






