راولپنڈی :بانی تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے بیرسٹر علی ظفر کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کیلئے امیدوار نامزد کردیاجبکہ عمر ایوب سیکرٹری جنرل ہوں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات مل گئی ہے،ملاقات کے دوران انہوں نے واضع کیا ہے کہ وہ آئی آئی ایم ایف کو ایک خط جاری کرنے جارہے ہیں ۔ جس میں وہ عالمی ادارے سے مطالبہ کریں گے پاکستان میں جن حلقوں میں الیکشن دھاندلی ہوئی ان حلقوں میں آڈ ٹ کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے اور جوڈیشری بھی اس آڈٹ کا حصہ بنے ۔ الیکشن میں دھاندلی کے آڈٹ کے بعد آئی ایم ایف اپنی آئندہ قسط جاری کرنے کا فیصلہ کرے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں ملک میں جمہوریت نہ ہو عالمی اداروں کو بھی انکی معاونت سے گریز کرنا چاہیے، عدالتی فیصلوں کو ساری دنیا نے دیکھا ہے، عمران خان کا جیل میں ہونا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور آگے بڑھے گی، انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کیلئے ہمارے اْمیدوار ہوں گے۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ ایک اہم اطلاع ہے کہ عمران خان کی جانب سے آج آئی ایم ایف کو خط جاری کیا جائے گا، یورپین یونین کا اپنا ایک چارٹرڈ ہے جو یہ ہے کہ کوئی قرضہ تب ہی ملے گا جب گڈ گورننس ہو، جس ملک میں گڈ گورننس نہ ہو ترقی یافتہ ممالک اس ملک میں کام نہیں کرتے، پوری دنیا نے دیکھا کیسے لوگوں کا مینڈیٹ رات کے اندھیرے میں چوری کیا گیا، ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا گیا اور ہارے ہوئے لوگوں کو جتوایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف جو کیسز بنائے گئے وہ بانی پی ٹی آئی کو تنگ کرنے کے لیے بنائے گئے، بشریٰ بی بی کی جان کو بنی گالہ میں خطرہ ہے، قانونی ملاقات میاں بیوی میں ہونی ضروری ہے، وکلاء کی ٹیم کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کل عدالت میں درخواست دائر کی جائے، ہمارے لیڈرز کے پاس عدالتی احکامات موجود تھے لیکن ملاقات کا موقع نہیں دیا گیا، سپیکر اور دیگر عہدوں کے حوالے سے ہماری عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔






