اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل کاونٹر ٹررازم اتھارٹی نیکٹا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں متعدد بڑے فیصلے کئے گئے ۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نیکتا کو فرنٹ فٹ پر لڑانے کا فیصلہ کیا گیا ۔محسن نقوی نے کہاکہ نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو ( ری سٹرکچرنگ ) کی جائے گی۔نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اگلے ہفتے اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ہر واقعہ کے بعد کی جانے والی کارروائی سے زیادہ اہم ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف پیشگی ایکشن لیں اوردہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو خاتمہ کیاجائے۔اب عملی اقدامات کرنا ہونگے، کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی۔دہشتگردوں کے انتہا پسند نظریہ کے خلاف پاکستانی قومی بیانیہ کی بڑے پیمانے پر ترویج کرنا ہو گی۔دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد کیا جائے۔وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعدادکار کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔سربراہ نیکٹا، رائے طاہر کی وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ، سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی اور اعلی حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔






