خیبرپختونخواہ،مخصوص نشستوں پر حلف نہ ہونے کے باعث سینیٹ الیکشن ملتوی

پشاور:خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ ہونے کے باعث سینیٹ الیکشن ملتوی کر دیاگیا،صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا،اپوزیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پرچیف الیکشن کمشنرسے رابطہ کیا تھا جس کے بعد صوبے میں سینیٹ کا الیکشن تاحکم ثانی ملتوی کردیا گیا۔الیکشن کمیشن کا عملہ سامان سمیٹ کر اسمبلی سے روانہ ہوگیا ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نیصوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی جس میں الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا اس لئے سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی مخصوص نشستوں پر ان کے 25 اراکین سے حلف لیا جائے، حلف نہ لیاجائے تو الیکشن ملتوی کیا جائے۔اپوزیشن کے ان 25 اراکین سے حلف لیا گیا اور اس کے بعد انتخابات ہوئے تو اپوزیشن کو سینیٹ کی 11 میں سے 4 نشستیں ملیں گی، اگر حلف نہ لیا گیا تو 11 میں سے 10 نشستیں حکومت کو ملنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینٹ انتخابات کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے اور پولنگ عملہ بھی موجود رہاتاہم اسمبلی میں مقرکردہ وقت (9 بجے) سینیٹ انتخابات شروع نہ ہوسکے تھے۔قبل ازیں سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ممبرانِ قومی اسمبلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بال پوائنٹ کے ذریعے بیلٹ پیپرز پر ترجیحات درج کرنا ہوں گی، ترجیحی امیدوار کے نام کے سامنے 1 جبکہ دوسرے امیدوار کے سامنے 2 لکھنا ہوگا۔ ترجیح صرف انگریزی یا اردو میں درج کرنا ہو گی، اردو اور انگریزی کو ملا کر لکھنے سے ووٹ مسترد ہو گا۔ہدایت نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہندسہ 1 ایک سے زائد ناموں کے سامنے درج ہونے سے ووٹ مسترد ہو گا، کسی امیدوار کے نام کے سامنے ہندسہ 1 کے ساتھ کوئی دوسرا ہندسہ درج نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں