گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 20افرادجاں بحق 22شدید زخمی ہوگئے، بس کو حادثہ چلاس کے علاقے شاہراہ قراقرم پر یشوکھل داس کے مقام پر پیش آیا جہاں راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اچانک کھائی میں جا گری،حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بھی کچھ دیر بعد جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیوآپریشن شروع کیا۔زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 20 کے قریب مسافر دم توڑ گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔حادثے کے بعد ریجنل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں سے زخمیوں کیلئے خون کی اپیل کی گئی ہے۔ترجمان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے حادثے میں 20 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بس کو حادثہ یشوکھل داس کے قریب موٹ کاٹتے ہوئے پیش آیا، بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات کی دعائ اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمی افراد کو جلد صحت یاب فرمائے۔






