مستونگ(آوازٹائمز)امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر آئی جی بلوچستان کی جانب سے ضلع مستونگ کا آپریشنل کمانڈ ڈی آئی جی کوئٹہ رینج کے حوالے کیے جانے کے فوری بعد ڈی آئی جی آپریشن کوئٹہ عمران شوکت نے مستونگ کا ہنگامی دورہ کیا۔ ضلع پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔دورے کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ڈی پی او اللہ بخش بلوچ، ایف سی ونگ کمانڈر کرنل ہمایوں، ڈی ایس پی سٹی رفیق حمزہ مینگل سمیت مستونگ کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے ایریاز کی صورتحال سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے بعد ڈی آئی جی عمران شوکت نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ دربار کا انعقاد کیا، جہاں اہلکاروں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈی آئی جی نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کا کمانڈر ضرور ہوں، لیکن آپ کا بھائی بھی ہوں۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ آپ کی کوالٹی سروس کو بہتر بناں اور ضروری ایکیوپمنٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ ڈی آئی جی کے اس دورے کو علاقے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے






