ٹنڈو محمد خان، پاٹار گوٹھ میں باؤلے کتےکا حملہ، 5 افراد زخمی

ٹنڈو محمد خان (ڈسٹرکٹ بیوروچیف/ڈیلی آواز ٹائمز) پاٹار گوٹھ میں باؤلے کتےکا حملہ، 5 افراد زخمی، ٹنڈو محمد خان کے قریبی گاؤں پاٹار گوٹھ میں ایک باؤلی کتیا نے کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملہ کر کے 5 افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیہی باشندے کھیتوں میں مختلف مقامات پر اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھے۔

اسی دوران ایک باؤلی کتیا نے اچانک ان پر دھاوا بول دیا۔ کتیا کے کاٹنے اور حملے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت درج ذیل ناموں سے ہوئی ہے:

اختر علی
فقیر محمد بندو
انیش
سندھو
احمد چانگ

تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال ٹنڈو محمد خان منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی اور کتے کے کاٹنے سے بچاؤ (اینٹی ریبیز) کے حفاظتی انجیکشن لگائے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کے بعد پاٹار گوٹھ کے رہائشیوں میں سخت غصہ اور خوف دیکھا گیا۔ دیہاتیوں نے لاٹھیوں اور اسلحہ کے ساتھ کتیا کو تلاش کر کے مارنے کی کوشش کی، تاہم وہ گنے کے گھنے کھیتوں میں چھپ جانے کے باعث قابو نہ آ سکی۔ کتیا کے کھلے عام گھومنے کی وجہ سے علاقے کے کسان اب کھیتوں میں جانے سے کترانے لگے ہیں۔

گاؤں پاٹار کے مکینوں نے میونسپل کمیٹی ٹنڈو محمد خان کے چیئرمین سید شاہنواز شاہ بخاری اور وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں آوارہ اور باؤلے کتوں کے خلاف فوری طور پر مہم شروع کی جائے۔

انہوں نے متبادل اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو مزید قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: ظہیر خان جنجوعہ
بیورو چیف روزنامہ آواز ٹائمز
ٹنڈو محمد خان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں