واشک+ بسیمہ (ۤڈیلی آواز ٹائمز/تحصیل بیوروچیف)بسیمہ پاک آرمی ہیڈ کوارٹر بسیمہ بریگیڈ کے زیر اہتمام ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ایریا کمانڈر کرنل سالار نے کی۔ کھلی کچہری میں سول انتظامیہ، ایس پی واشک جاوید زہری، اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ بذریعہ زوم، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ایریا کمانڈر کرنل سالار نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام اور علاقے کے پائیدار استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ اس موقع پر پوست (افیون) کی کاشت پر مکمل پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں شمسی پلیٹیں اور زیرِ کاشت زمین ضبط کی جا سکتی ہے۔کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے تعلیم، صحت، بجلی، زراعت، لائیوسٹاک، پولیس، سڑکوں اور دیگر بنیادی عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ تعلیمی شعبے سے متعلق بعض اسکولوں کی خستہ حالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی مبینہ ناقص کارکردگی اور والدین کو محکمہ تعلیم کے اجلاسوں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا، جس پر کرنل سالار نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بسیمہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر بھی شامل ہے۔صحت کے شعبے میں بنیادی مراکز صحت میں عملے اور ادویات کی کمی جبکہ سول ہسپتال بسیمہ کے لیے 200 کے وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ متعلقہ حکام نے ادویات کی بروقت فراہمی اور یکم اگست 2026 تک ٹرانسفارمر نصب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
امن و امان کے حوالے سے عوام نے چوری، ڈکیتی، منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور پولیس کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ایس پی واشک نے پولیس ناکوں میں اضافے، زیرِ التوا مقدمات کی ذاتی نگرانی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران حالیہ ڈکیتی سے متاثرہ ایک شہری، جس کی 25 ہزار روپے مالیت کی مرغیاں چوری ہوئی تھیں، کو کمانڈنگ آفیسر کی جانب سے 25 ہزار روپے مالی امداد بھی فراہم کی گئی۔کھلی کچہری میں قومی شاہراہ این-30 کی مرمت، نئی سبزی منڈی کے لیے اضافی داخلی راستے کی تعمیر، بسیمہ کے لیے فائر بریگیڈ گاڑی کی فراہمی اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
کھلی کچہری کے اختتام پر ایریا کمانڈر کرنل سالار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل، ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور تحصیل بسیمہ میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔






