اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا آٹھواں اجلاس نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)، این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں شریک ہوئے، جبکہ وفاقی و صوبائی وزراء، چیف سیکرٹریز، متعلقہ وفاقی وزارتوں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی ٹیم نے مون سون کی موجودہ صورتحال، جانی و مالی نقصانات، امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ، آئندہ متوقع بارشوں اور ممکنہ خطرات کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔این ای او سی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ آنے والے دنوں میں شمالی اور وسطی پاکستان میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے قومی اور بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آبادی میں مسلسل اضافے، موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث پاکستان کے آبی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے اپنی تیاریوں، دستیاب وسائل اور جاری امدادی و ریسکیو اقدامات سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ امداد، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور وفاق، صوبوں اور ضلعی اداروں کے درمیان ہر سطح پر مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ممکنہ موسمی خطرات سے باخبر رہیں، حفاظتی تدابیر پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ عوام کو مستند موسمی پیش گوئی، ممکنہ خطرات اور حفاظتی ہدایات کے لیے **پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی تلقین کی گئی






