اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پولیس کے جانباز افسران اور اہلکاروں کو دلی خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جان نچھاور کی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور غیر متزلزل عزم کو مظاہرہ کیا ہے جو لائق تحسین ہے، ہمارے پولیس کے شہدا کی ناقابل فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات نے آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج یومِ شہدائے پولیس پر ہم اپنے شہدا کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی خصوصی سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں، شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ کو معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے، اس مقدس قومی ذمہ داری کی ادائیگی کیلئے حکومت پر عزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی دفاع وطن کی خاطر بے مثل قربانیوں کی یاد میں آج ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ پولیس کو اپنی اہم قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد کو مزید مضبوط بنانے کیلئے انہیں درکار جدید وسائل سے آراستہ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب مل کر قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے ناسور کے مکمل خاتمے، اور اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کے شایانِ شان ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے مشترکہ کاوشوں اور پختہ عزم کا اعادہ کریں






