بسیمہ(نامہ نگار) ملک بھر کی طرح بسیمہ میں بھی یوم استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔بسیمہ کے مختلف نجی و سرکاری سکولوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں طلباء و طالبات سمیت اساتذہ کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ بازار میں نکالی جانے والی ریلی اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ عبدالستار مینگل، ڈی ایس پی عبدالمالک اور ایس ایچ او عبدالحکیم کبدانی کی سربراہی میں نکالی گئی۔
ریلی میں سرکاری افسران، پولیس اہلکاروں، مختلف محکموں کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان ذندہ باد ،پاک فوج ذندہ باد”کشمیر بنے گا پاکستان”، “کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی” اور “بھارتی مظالم نامنظور” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے بسیمہ کی فضاء گونج اٹھی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔






