نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ پاکستان مارچ 2027 میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا، اجلاس میں تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسحاق ڈارنے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھیلوں کے لیے فنانسنگ، انفراسٹرکچر کی ترقی و اپ گریڈیشن کی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹیاں قائم ہوں گی۔کھلاڑیوں کی تربیت و تیاری اور لاجسٹک انتظامات کی نگرانی کے لیے بھی ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے بروقت منصوبہ بندی اور تمام اسٹیک ہولڈرز میں قریبی رابطہ ضروری ہے، پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی اعلیٰ ترین معیار کے مطابق یقینی بنائے، 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان کے لیے کھیلوں کی صلاحیت دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا اہم موقع ہیں، گیمز کے ذریعے پاکستان کی مہمان نوازی اور انتظامی صلاحیت دنیا کے سامنے اجاگر ہوگی، ساؤتھ ایشین گیمز کے ذریعے دنیا کو امن، دوستی، خیرسگالی اور ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے گا۔ اجلاس میں معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ نے شرکت کی۔صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ،وزارت خزانہ کے حکام اور حکومت پنجاب و خیبرپختونخوا کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں