حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی)اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام جاری بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے سلسلے میں ضلع حب میں ایک شاندار تائیکوانڈو ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے کر اپنی بہترین فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حب محمد ہاشم زہری تھے۔ اس موقع پر مولانا سمیع اللہ، اسٹرائیکر شاکر بلوچ، غلام قادر مینگل اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتِ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا۔ایونٹ میں ضلع حب کے چار مختلف تائیکوانڈو کلبز سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مختلف ویٹ کیٹیگریز میں ہونے والے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں نے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ کھلاڑیوں نے نظم و ضبط، کھیل کے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ ضلع حب میں تائیکوانڈو کا ٹیلنٹ کسی بھی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
مہمانِ خصوصی محمد ہاشم زہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور جدید کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع حب میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی گئی اور ٹرافی، نقد انعامات اور میڈلز سے نوازا گیا، جبکہ شرکاء نے حکومتِ بلوچستان اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کے ذریعے بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مزید مضبوط ہوگا۔






