حب، سیوریج لائن پر نصب ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں‌کو شدید مشکلات کا سامنا

حب (ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے اہم ترین علاقے گلشن لسبیلہ میں سیوریج لائن کے اوپر نصب ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور حادثات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ متعدد مقامات پر سیوریج لائن کے ڈھکن خراب یا غائب ہونے کی وجہ سے کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے خطرے کی علامت بن گئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گلشن لسبیلہ کے مذکورہ علاقے سے رات کے اوقات میں بچے، خواتین، بزرگ اور دیگر شہری روزانہ آمدورفت کرتے ہیں۔ مناسب روشنی نہ ہونے اور سیوریج لائن کے ڈھکن ٹوٹے ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ یا جانی نقصان پیش آسکتا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سیوریج لائن کے کھلے مین ہولز نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہیں۔ خصوصاً رات کے وقت اندھیرے میں ٹوٹے ہوئے ڈھکن نظر نہ آنے کے باعث حادثے کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔شہریوں نے میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر نجیب الدین سے مطالبہ کیا ہے کہ گلشن لسبیلہ سمیت اکرم کالونی میں سیوریج لائن کے اوپر ٹوٹے اور غائب ڈھکنوں کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے نئے مضبوط ڈھکن نصب کیے جائیں۔شہریوں نے کہا کہ سیوریج لائن کے مین ہولز کو فوری طور پر محفوظ بنانا میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ علاقے کا فوری معائنہ کرکے تمام کھلے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہولز کی مرمت اور ان پر معیاری ڈھکن نصب کیے جائیں۔علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین گل حسن محمد حسنی اور چیف آفیسر نجیب الدین شہریوں کی اس اہم شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سیوریج لائن کے ڈھکن نصب کرانے کے احکامات جاری کریں گے، تاکہ عوام کو محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آسکے اور کسی بڑے حادثے کا خدشہ ختم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں