اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز)ناروے کے وزیر خارجہ کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں دہشتگردی، غیرقانونی امیگریشن، پولیس ٹریننگ اور باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے کی محسن نقوی سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے امریکا ایران کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا پاکستان کے موثر اقدامات سے یورپ میں غیرقانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے، غیرقانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے جسے یورپی یونین نے بھی سراہا۔انہوں نے کہا غیرقانونی امیگریشن کے موثر سدباب کے لیے قانونی امیگریشن کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔ محسن نقوی نے کہا افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے مسلسل استعمال ہو رہی ہے، پاکستان دنیا اور دہشتگردی کے درمیان دیوار بن کر کھڑا ہے، دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاکستانی کمیونٹی سیاست، صحت اور دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے






