اسماء جتک کیس میں شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں، خاندان مسلسل خوف اور عدم تحفظ کا شکار تحفظ فراہم کیا جائے ، ہمشیرہ اسماءجتک

کوئٹہ(ڈیلی آواز ٹائمز/نیوز ڈیسک)اسماء جتک کی بہن نے بھاری دل کے ساتھ پوری قوم، حکومتِ بلوچستان، حکومتِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اور خاندان نے شدید تکالیف اور ناقابلِ بیان صدمات برداشت کیے ہیں، جن کے باعث ان کی زندگی بدل کر رہ گئی ہے خاندان مسلسل خوف اور عدم تحفظ کی کیفیت میں زندگی گزار رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل، غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور کیس میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اسماء جتک کی بہن کا کہنا تھا کہ خاندان کسی سے خصوصی رعایت نہیں مانگتا بلکہ صرف انصاف کا خواہاں ہے۔ متعلقہ ادارے خاندان کو تحفظ فراہم کریں، مقدمے کی منصفانہ پیروی یقینی بنائیں اور کسی بھی بااثر شخص کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ خاندان کی آواز بنیں اور انصاف کے مطالبے میں ان کا ساتھ دیں تاکہ کسی اور خاندان کو ایسے دکھ، خوف اور عدم تحفظ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف، تحفظ اور قانون کی بالادستی ہی ان کے خاندان کا بنیادی مطالبہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں