اداروں میں میرٹ کی پاسداری سے ادارے مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکتے ہیں،گورنر بلوچستان

کوئٹہ (روزنامہ آواز ٹائمز) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ میں پہلی مرتبہ پرنسپل کی تعیناتی باقاعدہ اور شفاف میرٹ پر عمل میں آ رہی ہے کیونکہ اداروں میں میرٹ کی پاسداری سے ادارے مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ہم لاء کالج کو عملاً ایک مکمل یونیورسٹی کی سطح پر ترقی دینے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کر رہے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی لاء کالج کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن، پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین اور پرنسپل یونیورسٹی لاء کالج شمس اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یونیورسٹی لاء کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، ادارہ سے متعلق بریفنگ کی۔ اسٹوڈنٹس کے ساتھ گھل مل گئے، درپیش مسائل ومشکلات دریافت کیے اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا. شرکاء سے خطاب کے موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بااحساس اور باشعور افراد محض تنخواہ کی خاطر نہیں بلکہ ایک مقصد کے تحت زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں. انہوں نے لاء اسٹوڈنٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک اور صوبے کے مسقبل کے وکیل ہیں لہٰذا یہاں بہتر تعلیم و تربیت کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے. بہت جلد لاء اسٹوڈنٹس کی فکری رہنمائی اور جدیدیت سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مختلف سیمنار اور دیگر تقریبات کا اہتمام کریں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں