اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کی، پْر امید ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے،رجب طیب اردوان کے منصب سنبھالنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب ہوں گے، پاک ترکیہ باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔
ترک خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کے منصب سنبھالنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب ہوں گے، پاک ترکیہ باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ترکیہ کے قربت پر مبنی تعلقات اعتماد کے رشتوں پر استوار ہیں، میرے وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی کئی اہم چیلنجز درپیش رہے، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہادر ہیں، ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں، ہم کمر کس لیں گے اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے، مجھے اس میں کوئی شک نہیں۔






