کوئٹہ/اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی، اس موقعے پر بی اے پی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ اورحکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
جمعے کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ اورحکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، نوابزادہ خالد حسین مگسی، مولانا عبدالغفور حیدری، آغا حسن بلوچ، اسحاق ڈار، احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹرمنظور کاکڑ کمیٹی کے رکن ہوں گے،کمیٹی آئندہ ہفتے تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی اہم اتحادی ہے جس نے حکومت کے ہر فیصلے میں اہم کردار ادا کیا،پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی، بلوچستان عوامی پارٹی سے مشاورت اور ان کی رائے کے بغیر ممکن نہیں۔






