اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)وفاقی حکومت نے سال 2023-24کیلئے 144کھرب 60ارب حجم کا بجٹ پیش کردیا بجٹ میں گریڈ ایک سے 16 سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے اور گریڈ 17 سے اوپر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے،پینشن میں 17.5 فیصد اضافہ شامل ہیں،بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کھرب 50 ارب روپے کی تاریخی رقم مختص کی گئی ہے اور دفاعی اخراجات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
جمعہ کو اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحق ڈار نے مالی سال 24-2023 کے لیے 145 کھرب حجم کا بجٹ پیش کردیا۔جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 1150 روپے کی تاریخی رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بجٹ پیش کرنا شروع کر دیا۔وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کرنے پر خدا کا شکر گزار ہوں، مالی سال 24-2023 کے بجٹ کے اعداد و شمار پیش کرنے سے پہلے 2017 میں نواز شریف کی حکومت اور 2022 میں پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے بجٹ کا تقابلی جائزہ پیش کروں گا۔






