سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں،9 مئی کیوو اقعات نے قوم کو رنجیدہ کیا،شہباز شریف

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں،9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور شرمسار کیا ہے، جو قومیں شہدا اور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے، روس سے 45 ہزار ٹن سستا خام تیل پہنچ گیا، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، معاہدہ جلد ہو جائے گا،اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ کانظام متعارف کرایا جائے گا، نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم جولائی سے دوبارہ شروع ہو جائے گی، حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی)روڈ کے ازسرنو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ منصوبہ تعطل کاشکار رہا۔سابق حکومت نے جاری منصوبے بھی ٹھپ کر دیئے تھے۔ منصوبے کی تکمیل پر وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنر راولپنڈی اور دیگر حکام کو مبارکباد دیتا ہوں، منصوبے پر جس خوبصورتی سے لینڈ سکیپنگ اور باغبانی کی گئی ہے و ہ قابل تعریف ہے۔دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بھی اسی طرح سبزہ، درخت اور پھول لگائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کویاد رکھنے والی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں جو قومیں شہدااور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، جان کو ہتھیلی پر رکھ کر شہدا نے ملک کا ایک ایک انچ دشمنوں سے بچایا ہے،شہدا اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا،وطن سے محبت کرنے والا شہری 9 مئی جیسے واقعات کاسوچ بھی نہیں سکتا، 9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور شرمسار کیا ہے، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی اور ان کے مجسمے جوڑے گئے،شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے نام سے منصوبے کو منسوب کرنے کامقصد قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں