کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز)بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ 16جون کی بجائے 19جون کو پیش کیاجائے گاآئندہ مالی سال 2023-24کے بجٹ کا کل حجم 700ارب روپے تک ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2023-24ء کابجٹ 16جون کی بجائے اب 19جون کو پیش کیاجائے گا محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال 24-2023کے بجٹ کاحجم 700 ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 529 ارب 32کروڑ روپے ہے جب کہ بجٹ کا خسارہ 150ارب سے زائد ہونیکا امکان ہے۔ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ 200 ارب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے، بجٹ میں 5 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں بلوچستان کے اپنے وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 60 ارب 32 کروڑ روپے ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل اور دیگر ذرائع سے آمدن کا تخمینہ 413 ارب روپے ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کیلئے 90 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے جب کہ امن وامان کے لیے 60 ارب روپے اور صحت کے لیے 50 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔






