حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) ڈسٹرکٹ پولیس حب نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک مسلح ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔امروز مدعی انیل کمار ولد دھرم داس، سکنہ دیسی روڈ حب کی جانب سے تھانہ حب سٹی میں درخواست موصول ہوئی کہ آفتاب چوک، ساکران روڈ پر واقع ان کی کریانہ و کنفیکشنری کی دکان میں دو مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر دکان سے تقریباً 40,000 روپے نقدی اور دو موبائل فونز چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔واردات کے دوران مزاحمت اور شور و غل پر دکان کے باہر موجود افراد اور عوام کے جمع ہونے پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او حب سٹی نعیم خان خلجی پولیس پارٹی کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، جہاں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے موقع پر قابو پا کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرا ملزم گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے اپنا نام ذوالفقار ولد حاجی خان، قوم پتافی، سکنہ گوٹھ سبز علی، وندر بتایا۔حب پولیس نے گرفتار زخمی ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ایس پی حب نے پولیس پارٹی کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع حب میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز اور بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔






